ریونیو واجبات کی فوری ریکوری کا حکم، وصولی کیلئے جائیداد کی ضبطگی شروع

ریونیو واجبات کی فوری ریکوری کا حکم، وصولی کیلئے جائیداد کی ضبطگی شروع

آبیانہ،اسٹامپ ڈیوٹی اور پراپرٹی ٹیکس کاسو فیصد ہدف حاصل کریں،نادہندگان ریونیو واجبات جمع کروائے بغیر جائیداد کی خرید و فروخت نہیں کرسکیں گےملتان ڈویژن میں پٹواریوں کی 2 سو خالی نشستوں پر فوری بھرتی کی جائے ،پروموشن کے حقدار ریونیو سٹاف کو فوری ترقیاں دیں:کمشنر ڈاکٹرارشاد احمد

ملتان( وقائع نگار خصوصی )کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنرز کو ریونیو سرکاری واجبات کی فوری ریکوری کا حکم جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ آبیانہ،اسٹامپ ڈیوٹی اور پراپرٹی ٹیکس سمیت تمام اہداف سو فیصد حاصل کئے جائیں۔ سرکاری واجبات کی وصولی کیلئے جائیدادوں کی ضبطگی کا عمل شروع کردیا ہے اب نادہندگان ریونیو واجبات جمع کروائے بغیر جائیدادوں کی خرید و فروخت نہیں کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ریکارڈ میں شناختی کارڈ کے اندراج کی رفتار بڑھائی جائے تاکہ شہریوں کو انکی پراپرٹی کے حوالے سے ریکارڈ کی فوری فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان ڈویژن کے ریونیو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی شریک کی ۔کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ دیہی خدمت مال پر ریونیو سے متعلق تمام سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے حکومت پنجاب نے دیہی سطح پر عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے خدمت مراکز مال کے انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی ہے اس منصوبے کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچنے چائیں۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں پٹواریوں کی 2 سو خالی نشستوں پر فوری بھرتی مکمل کی جائے اور پروموشن کے حقدار ریونیو سٹاف کو فوری ترقیاں دی جائیں۔کمشنر ملتان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ملتان ڈویژن کی ریونیو کے حوالے سے ریکنگ میں بہتری آئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں