بورے والا :طلبا تنظیموں کا جھگڑا ،فائرنگ سے خوف وہراس
طلباپہلے مل موڑ پر دست وگریباں ہوئے پھر مسلح ساتھیوں کو بلالیا ،ایک لڑکا زخمی
بوریوالا(سٹی رپورٹر )طلبا تنظیموں کی چپقلش نے تصادم کا روپ دھار لیا اورگزشتہ روز بورے والا میں لڑائی کے دوران ایک لڑکا زخمی ہوگیاجبکہ فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور روڈ ڈوگرمارکیٹ کے قریب موٹرسائیکل سوارایک درجن سے زائد مسلح لڑکوں نے دوسرے فریق کو نیچا دکھانے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کردی ۔گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے قریبی آبادی کے رہائشیوں اور دکانداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ،لڑائی کے دوران مجاہد کالونی کارہائشی ارسلان زخمی ۔وقوعہ پر موجود افراد نے بتایا کہ طلباء تنظیموں کے لڑکے پہلے مل موڑپرآپس میں دست و گریباں ہوئے بعد ازاں انہوں نے کال کر کے دیگر مسلح ساتھیوں کوبلالیا جس پر لڑائی طول پکڑ گئی وقوعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اوربیچ بچاؤ کرایا۔