دکانداروں کی من مانیاں ضلعی انتظامیہ ایل پی جی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام

دکانداروں کی من مانیاں ضلعی انتظامیہ ایل پی جی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام

ایل پی جی کی سرکاری قیمت 160روپے ،مارکیٹ میں 185میں بکنے لگی ، سستا ایندھن گھریلو صارفین کی پہنچ سے دور ہو گیا، شہری پریشان،نوٹس لینے کا مطالبہ

ملتان(خبرنگارخصوصی)ضلعی انتظامیہ ایل پی جی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، دکانداروں نے خودساختہ قیمتیں بڑھا دیں، سستا ایندھن گھریلو صارفین کی پہنچ سے دور ہو گیا، ایل پی جی مارکیٹ میں 185روپے کلو تک فروخت ہونے لگی۔ واضح رہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو ہے تاہم ایل پی جی کی بلیک مارکٹنگ جاری ہے جس کی وجہ سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں ایل پی جی 165 روپے سے 185روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے جس سے صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اہلکاروں کی سرپرستی میں ایل پی جی کی بلیک مارکٹنگ جاری ہے ۔ ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں ایل پی جی سلنڈر کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے ۔ گیس کی طے شدہ قیمتوں کے خلاف ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت نے سرکاری محکموں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے ۔ ملتان شہر میں ایل پی جی فروخت کرنے والی سینکڑوں دکانیں موجود ہیں مگر ہر دکان کا اپنا ریٹ ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سرکاری ریٹس پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی بنائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں