سبزی منڈی ملتان میں ہول سیل پوائنٹ قائم
ہول سیل پوائنٹ پر بازار اور منڈی کی نسبت ارزاں نرخ پر اشیائے خوردونوش فراہم ہونگی،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی سیل پوائنٹس کے افتتاح پر گفتگو
ملتان(کورٹ رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی جانب سے سبزی منڈی میں ہول سیل پوائنٹ قائم کردیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے گزشتہ روز منڈی میں ہول سیل پوائنٹس کا افتتاح کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے وژن کے تحت عام آدمی کو ریلیف دینے اور مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔اس ضمن میں قائم کئے گئے ہول سیل پوائنٹ پر بازار اور منڈی کی نسبت ارزاں نرخ پر اشیائے خوردونوش فراہم ہونگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہول سیل پوائنٹس کا مقصد عام آدمی کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ہے اور انکو کنٹرول ریٹس پر اشیائے خوردونوش فراہم کرنا ہے ۔سبزی مندی کے بعد ہول سیل پوائنٹس کا دائرہ کار شہری علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ممتاز آباد اور گلشن مارکیٹ میں قائم سہولت بازاروں کا دورہ بھی کیا انتظامات چیک کئے ۔