سالانہ لاکھوں کی آمدنی کے باوجود حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کا مقبرہ مرمت سے محروم

سالانہ لاکھوں کی آمدنی کے باوجود حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کا مقبرہ مرمت سے محروم

محکمہ اوقاف کی غفلت کے باعث برآمدہ کی چھتیں خستہ حال، صحن کا فرش ناہموار اور مقبرے کی قدیم نقاشی بھی معدوم ہو گئی،درگارہ کی مرمت پر ایک پائی تک خرچ نہ کی جاسکی

ملتان(شفقت بھٹہ)محکمہ اوقاف کی جانب سے سالانہ لاکھوں روپے آمدنی وصول کرنے کے باوجود سلسلہ سہروردیہ کے عظیم روحانی بزرگ شیخ الاسلام حضرت بہاؤ الدین زکریا ملتانیؒ کا7صدیاں قدیم مقبرہ مرمت سے محروم، برآمدہ کی چھتیں خستہ حال، صحن کا فرش ناہموار اور مقبرے کی قدیم نقاشی بھی معدوم ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق محکمہ اوقاف کی غفلت کی وجہ سے اسلام کے عظیم مبلغ شیخ الاسلام حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا ملتانیؒ کا مقبرہ مختلف مقامات سے خستہ حالی کا شکار ہے ۔ درگاہ سے سالانہ 72 لاکھ روپے سے زائد کی آمدنی حاصل کرنے کے باوجود محکمہ اوقاف کی جانب سے سالہا سال سے مرمت نہیں کرائی گئی۔ محکمہ کی جانب سے آمدنی کے حصول کیلئے درگاہ میں جگہ جگہ کیش بکس موجود ہیں، بیت الخلاء استعمال کرنے اور جوتے رکھنے سمیت دیگر مدوں میں زائرین سے پیسے وصول کئے جاتے ہیں مگر درگاہ کی مرمت پر ایک پائی بھی خرچ نہیں کی جاتی۔ محکمہ کی صرف آمدنی وصول کرنے کی پالیسی کیوجہ سے درگاہ پر موجود قدیم کندہ کاری کے نشانات مٹ گئے ہیں، مغربی دروازے کی چوکھٹ خستہ حالی کا شکار ہے ، ایک ہزار فٹ لمبی چار دیواری بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ واضح رہے کہ تین سال قبل محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے برآمدہ کی خستہ حال چھتوں کی مرمت کیلئے 12 لاکھ روپے جبکہ درگاہ کے اندر موجود قبروں کی ٹوٹ پھوٹ کے خاتمے کیلئے 1 لاکھ 18 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا مگر تاحال ان منصوبوں کیلئے بھی فنڈز جاری نہیں کئے گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں