ڈی جی ایم ڈی اے نے عدالتی کیسز کی تفصیل طلب کر لی

ڈی جی ایم ڈی اے نے عدالتی کیسز کی تفصیل طلب کر لی

لیگل ایڈوائزر کے کنٹریکٹ میں توسیع کارکردگی کا جائزہ لے کر دی جائیگیکسی بھی تعمیر میں منظور شدہ سیٹ بیک میں معافی نہیں ہوگی، قیصر سلیم

ملتان( وقائع نگار خصوصی )ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے محکمے سے متعلقہ تمام عدالتی کیسز کی تفصیل ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل ارسلان ظفر سیال سے طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی بھی لیگل ایڈوائزر کے کنٹریکٹ میں توسیع اس کی کارکردگی کا جائزہ لے کر دی جائے گی۔ انہوں نے مذید کہا کہ کسی بھی تعمیر میں منظور شدہ سیٹ بیک میں معافی نہیں ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا ہے کہ کمرشل یا گھریلو تعمیرات کی منظوری سے حاصل ہونے والا ریونیو ایم ڈی اے کی آمدن کا ذریعہ ہے ۔ ایم ڈی اے کی حدود میں غیر قانونی کمرشل یا گھریلو تعمیرات کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسی تمام تعمیرات کو مکمل ہونے کے با وجود ریگولر نہ کروانے کی صورت میں گرا دیا جائے گا۔ شہری اپنی تعمیرات کو محکمے سے ریگولر کرانے کی بجائے عدالتی حکم امتناعی کا سہارا لیکر تعمیر مکمل کر لیتے ہیں۔جبکہ محکمہ ہذا عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اپنی کاروائی روک دیتا ہے ۔ نتیجتاً غیر قانونی تعمیرات مکمل ہو جاتی ہے ۔تعمیر مکمل ہونے پر ایسی تعمیرات کو ریگولر کرنا یا گرانا مشکل ہو جاتا ہے ۔ ایسی صورت میں لیگل ایڈوائزر کا کردار بہت اہم ہے ۔ تمام لیگل ایڈوائزر عدالتوں میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ اور خاص طور پر سٹے کیسسز کو بر وقت ختم کرائیں تاکہ ایسی غیر قانونی تعمیرات کو بر وقت روکا جا سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں