نالے میں گرکرخاتون کی ہلاکت کاواقعہ، خواتین سراپااحتجاج

 نالے میں گرکرخاتون کی ہلاکت کاواقعہ، خواتین سراپااحتجاج

واقعہ کو 4روز گزرگئے ، نالہ بدستور کھلا ،نالے پرسلیب ڈالی جائے :خواتین کامطالبہ

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)منی بائی پاس کے گندے نالے میں گرنے سے بزرگ خاتون کی ہلاکت کا واقعہ،علاقے کی خواتین سراپا احتجاج بن گئیں،انہوں نے نالے پر سلیب ڈالنے کا مطالبہ، افسوسناک واقعہ کے 4روزگزرنے کے بعد بھی نالہ بدستور کھلا ،میونسپل کمیٹی کی مجرمانہ غفلت نے لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دیں۔تفصیل کے مطابق 3 روز قبل وارڈ نمبر 4محلہ چرکل والے کی بزرگ خاتون کے منی بائی پاس وارڈ نمبر 2کے ساتھ بغیر سلیب کے گہرے گندے نالے میں گرنے سے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر علاقے کی درجنوں خواتین نے گزشتہ روز میونسپل کمیٹی اور مقامی انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کر تے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر سیوریج نالے کو سلیب لگا کر بند کر نے مطالبہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا منی بائی پاس وارڈ نمبر 2کے ساتھ سے گزرنے والا مین سیوریج نالہ عرصہ دراز سے اوپر سے کھلا ہے ، بچوں کے گندے نالے میں گرنے کے متعدد واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں ،بچوں کو بروقت نالے سے باہر نکالنے سے ان کی جان بچ گئی، انہوں نے کہا کہ علاقہ مکین متعدد بار میونسپل کمیٹی کو آگاہ کر چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی،خواتین نے کہا کہ اہل علاقہ گندے نالے کی وجہ سے چھوٹے بچوں کو گھر سے باہر نہیں نکلے دیتے ، جبکہ خواتین بھی نالے کے قریب سے گزرتے ہوئے ڈرتی ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ گندے نالے پرسلیب ڈال کر اسے فوری بند کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں