جہانیاں:فائلیں 15روزسے جمع،طلبا ڈومیسائل کیلئے خوار
ڈومیسائل کلرک کا دفتر تاخیر سے آنا معمول، کام میں عدم دلچسپی پرطلباکااحتجاج
جہانیاں(نمائندہ دنیا )ڈومیسائل کے اجراء کا سلسلہ التوا ء کا شکار، فائلیں جمع ہوئے 15روز گزر گئے ، ڈومیسائل جاری نہ ہوسکے ،سینکڑوں طلبہ و طالبات ڈومیسائل کے حصول کے لیے خوار ہونے لگے ۔تفصیل کے مطابق مختلف تعلیمی اداروں ،یونیورسٹیوں میں داخلہ کے لیے تعلیمی کوائف کے ساتھ ساتھ ڈومیسائل کی شرط رکھی جاتی ہے ، شہر و گردو نواح کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے ڈومیسائل کے حصول کے لیے فائلیں تحصیل کمپلیکس میں جمع کرا رکھی ہیں، مگر 15روز گزر جانے کے بعد بھی ڈومیسائل جاری نہ ہوسکے ، طلبہ و طالبات نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ڈومیسائل کلرک محمد ندیم خٹک کا دفتر تاخیر سے آنا معمول ہے اور کام میں دلچسپی نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ و طالبات و دیگر شہری خوار ہوجاتے ہیں، طلبہ و طالبات کا کہنا ہے کہ جب کلرک سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ ڈومیسائل کی ڈاک اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان کی ٹیبل پر ہے ،ان کے سائن ہونگے تو ڈومیسائل جاری ہوں گے ،طلبہ و طالبات کا کہنا ہے کہ ڈومیسائل جاری نہ ہونے کی وجہ سے ان کا قیمتی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے شہریوں نے ڈومیسائل کے اجراء کا مطالبہ کیا ہے ۔