سرویلنس ٹیمیں انسداد ڈینگی کیلئے سر توڑ کوشش کریں:آغاظہیر

سرویلنس ٹیمیں انسداد ڈینگی کیلئے سر توڑ کوشش کریں:آغاظہیر

ڈاکٹرز مریضوں کابہتر علاج ،اساتذہ طلبامیں تخلیقی صلاحیتیں بیدارکریں:ڈی سیڈپٹی کمشنرکامنڈی کادورہ،سبزیوں ، پھلوں کی نیلامی،طلب،رسد اورمعیار کا جائزہ

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر آغا ظہیرعباس شیرازی نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے افسر ڈینگی وائرس کے جڑ سے خاتمہ کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کردیں، اس سلسلہ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،غفلت کے مرتکب افسروں اور ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔ یہ بات انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو ان کی صدارت میں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے سرکاری محکموں کی سرویلنس ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ انسداد ڈینگی کیلئے سر توڑ کوشش کریں اور یہ ذمہ داری قومی فریضہ سمجھ کر نبھائیں۔دریں اثنا شامکوٹ اور نظام آباد میں سکولوں اور بنیادی ہیلتھ یونٹ کے اچانک معائنہ کے دوران ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے سروسز ڈلیوری میں بہتری لائیں جبکہ اساتذہ اپنی ابلاغی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر طلبا میں تخلیقی صلاحیتیں بیدار کریں ،اس سلسلہ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر صبح سویرے سبزی منڈی کا اچانک معائنہ کیا، سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کا تفصیلی جائزہ لیا ، مختلف سبزیوں اور پھلوں کی طلب، رسد، معیار اور نرخوں کی بھی جانچ پڑتال کی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع خانیوال کی عام مارکیٹوں میں گرانفروشوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے ،ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کوبھاری جرمانوں کے علاوہ جیل بھی بھیجا جا رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں