لودھراں کے ترقیاتی فنڈز کا بروقت اجرا یقینی بنایا جائے :ثاقب ظفر

 لودھراں کے ترقیاتی فنڈز کا بروقت اجرا یقینی بنایا جائے :ثاقب ظفر

انتظامیہ مہنگائی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرے :ایڈیشنل چیف سیکرٹری

لودھراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ضلع لودھراں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے 6 محکموں کے سیکرٹریز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی ،جس میں سیکرٹریز سمیت متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کوضلع لودھراں کی پروفائل،جاری ترقیاتی سکیموں،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی، کورونا ویکسی نیشن کی صورت حال، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اُٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات سمیت حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت بارے بریفنگ میں بتایا کہ ترقیاتی پیکیج کے تحت ضلع بھر میں ہائی وے سیکٹرز کی 28، ایجوکیشن کی 4، محکمہ ہیلتھ کی 5، نکاسی کی 21، سپورٹس کی 2، سپیشل ایجوکیشن کی 1اور ہائر ایجوکیشن کے 4 منصوبہ جات پر کام جاری ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) ثاقب ظفرنے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کی تعمیر و ترقی اُن کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ ضلع لودھراں کے تمام ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے بروقت اجرا کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، نا جائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں