پارکوں کی تزئین وآرائش ،اپ گریڈیشن شروع کردی گئی:ڈپٹی کمشنر
ملک کو آگے بڑھانے کیلئے خواتین کو کارآمد اور بااثر بنانا ہوگا ، عامر کریم
ملتان(خبرنگارخصوصی)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ شہریوں کو تفریح کے مواقع دینے اور شہر کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے پارکوں کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن شروع کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کو شاہ شمس پارک اور لیڈیز پارک گل گشت سمیت مرکزی پارکس میں واکنگ ٹریکس،جھولے اور بہترین لائٹنگ کی سہولیات فراہم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیڈیز پارک گلگشت کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کو لیڈیز پارک کے گردو نواح میں قائم تجاوزات ختم کرنیکا حکم دیا۔ڈسٹرکٹ وومن پیس فورم کے اجلاس میں عامر کریم نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین فعال کردار کرتی ہیں وطن عزیز کو آگے بڑھانے کیلئے خواتین کو کارآمد اور بااثر بنانا ہوگا تاکہ دنیا میں برداشت امن اور استحکام کا پیغام بھی دیا جاسکے ۔ایم پی اے و فوکل پرسن فورم سبین گل نے کہا کہ وومن پیس فورم نے امن کے فروغ کیلئے مختلف کامیاب پروگرام کرائے جن کے ذریعے امن برداشت اور خواتین کے حقوق کا بھرپور پیغام دیا گیا۔