12ربیع الاول،ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد
حکومت نے عشرہ شان رحمتہ اللعالمین کی تقریبات سے عقیدت کا ثبوت دیا،اختر ملک،ہر مسلمان آپؐ کی حرمت پر سب کچھ قربان کرنے کوتیار ،ڈاکٹرارشاد، عامر کریم ، ذکر رسول اللہ ؐکے بغیر دین و دنیا کی کامیابی ممکن نہیں، واصف مظہر ،قاسم لنگاہ ،منیر مسعود
ملتان( وقائع نگار خصوصی )سرور کائنات و آقائے دو جہاں ؐ کے یوم ولادت کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پروقار محفل میلاد مصطفی گزشتہ روز جنرل بس سٹینڈ پناہ گاہ میں منعقد ہوئی۔نور سے بھری تقریب کی صدارت صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کی جبکہ کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں،سی پی او منیر مسعود مارتھ نے خصوصی شرکت کی جبکہ اراکین اسمبلی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری،واصف مظہر راں،قاسم لنگاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اخلاق احمد،اور معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے بھی شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض عامر شہزاد صدیقی نے سرانجام دیے ۔محفل میلاد میں معروف نعت خواں حضرات اور علماء کرام نے سیرت النبیؐ پر کلام پیش کیاصوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت نے عشرہ شان رحمتہ اللعالمین تقریبات کے انعقاد کے ذریعے سرور کائنات ؐ سے اپنی بھرپور محبت اور عقیدت کا ثبوت دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ ؐ کی ذات با برکات پر سلسلہ ختم نبوت ہوا اور آپ ؐ اللہ کی آخری کتاب لے کر آئے جو رہتی دنیا تک ہدایت کا سر چشمہ ہے ۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ؐ کو تمام کائنات کے لئے ہادی ء برحق بنا کر بھیجا آپ ؐ کی ذات اقدس رحمت اللعالمین ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ہر مسلمان اپنا تن من دھن ،اولاد ،حتیٰ کہ ماں باپ حضور ؐ کی حرمت پر قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ہم حضور ؐ کے غلام ہیں اور ان کی غلامی ہی ہمارا اعزاز ہے ۔ اراکین اسمبلی واصف مظہر راں،قاسم لنگاہ اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ عشرہ شان رحمتہ اللعالمین تقریبات سرور کائنات کو نذرانہ پیش کرنے کی کاوش ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذکر رسول اللہ ؐکے بغیر دین و دنیا کی کامیابی کا تصور ممکن نہیں ہے ۔خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ نبی اکرم نے ہمیشہ برداشت، صلہ رحمی، رواداری کادرس دیا اورحقوق العبادکوفوقیت دی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور خواجہ جلال الدین رومی کی جانب سے غریب اور بے گھر افراد میں راشن اور کھانا بھی تقسیم کیا گیا جبکہ ملکی ترقی اور سلامتی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔