گھر گھر کورونا ویکسی نیشن مہم،ملتان میں ٹیمیں تشکیل

گھر گھر کورونا ویکسی نیشن مہم،ملتان میں ٹیمیں تشکیل

مہم کا 25اکتوبر سے آغاز،ملتان میں 262ٹیمیں کام کرینگی،فوکل پرسن تعینات

ملتان( نیوز رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا ویکسی نیشن کے لیے گھر گھر مہم 25 اکتوبر سے شروع ہوگی جو 12 نومبر تک جاری رہے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق مہم پنجاب کے 36 اضلاع میں جاری رہے گی جس کے لیے فوکل پرسن کو بھی تعینات کردیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گھر گھر مہم کا مقصد 100 فیصد افراد کی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ حاصل کرنا ہے ۔دریں اثنااس حوالے سے محکمہ صحت ملتان نے 262 ٹیمیں تشکیل دی ہیں، ایک ٹیم میں 3 افراد پر مشتمل عملہ ہوگا۔یہ افراد جن لوگوں کی ویکسی نیشن نہیں ہوئی ہوگی یہ ان کی ویکسی نیشن کریں گے ، جن کی ایک خوراک لگنا باقی ہوگی وہ بھی لگائیں گے ۔پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے آرڈر پر عمل کرتے ہوئے محکمہ ہیلتھ ملتان کے سی ای او ڈاکٹر شعیب الرحمٰن گورمانی نے اس مہم کی تیاریاں شروع کروادی ہیں جبکہ ان کے ساتھ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف اس مہم کو لیڈ کر رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں