میلسی،قبضہ گروپ کا کمرشل مارکیٹ کے دفتر پر دھاوا
تعمیرات گرادیں، مزاحمت پر ہوائی فائرنگ کر دی، مسلسل توڑ پھوڑ کرتے رہے تصور بخاری کو دفتر میں محبوس کر کے ایک لاکھ روپیہ بھی اٹھا لیا،مقدمہ درج
میلسی(نمائندہ دنیا)قبضہ گروپ کے درجنوں مسلح افراد نے پراپرٹی ڈیلر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کی کمرشل مارکیٹ کے دفتر پر دھاوا بول دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پراپرٹی ڈیلر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید تصور بخاری نے دوکوٹہ کے قریب چک نمبر 143 ڈبلیو بی میں موجود سائرہ بی بی کی ملکیتی کمرشل اراضی 18 کنال کی فروخت کا تحریری معاہدہ کرتے ہوئے مارکیٹ اور سڑکات وغیرہ کی تعمیر شروع کی، اس دوران قبضہ گروپ کے ارکان محمد نعیم ، محمد نوید، محمد افضل، محمد نسیم، جہانزیب جٹ اپنے دیگر 9 مسلح ساتھیوں کے ہمراہ آ گئے اور مارکیٹ کی تعمیرات کو گرانا شروع کر دیا ۔مزاحمت پر ہوائی فائرنگ شروع کر دی اور ان کے ملازم شہزاد احمد کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کر دیا۔ تصور بخاری کو دفتر میں محبوس کرتے ہوئے آفس ٹیبل کی دراز میں موجود ایک لاکھ روپے اٹھا لیے اور مسلسل توڑ پھوڑ کرتے رہے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ جس پر قبضہ گروپ کے ارکان فرار ہو گئے ۔پولیس نے قبضہ گروپ کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا اور 2 ملزمان محمد نسیم اور محمد وسیم کو بھی حراست میں لے لیا ۔