حکومت سے ایل پی جی پر 4ارب روپے کی سبسڈی طلب

حکومت سے ایل پی جی پر 4ارب روپے کی سبسڈی طلب

ایل پی جی 80روپے کلوتھی اب 280روپے ہے ،غریب صارف کی پہنچ سے دور8 نومبر تک مطالبات نہ مانے گئے تو ملک میں شٹر ڈائون کریں گے :عرفان کھوکھر

ملتان(خبرنگارخصوصی)چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی 80 روپے کلو تھی جبکہ اب 280 روپے تک فروخت ہو رہی ہے ، حکومت 4 ارب روپے کی سبسڈی دے تا کہ ایل پی جی کی قیمت آدھی ہو سکے ۔ لوکل سطح پر پیدا ہونے والی گیس کی قیمت 37 ہزار روپے ٹن پر فریز کی جائے ، اگر 8 نومبر تک ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو پورے ملک میں شٹر ڈائون ہڑتال کریں گے ۔ ملتان کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ایل پی جی ایسوسی ایشن نے بڑھتی قیمتوں کیخلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ، جس کے تحت یکم نومبرسے 4نومبر تک تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے مظاہرے ہونگے ، 4 نومبر سے 8نومبر سے ملک بھر کے تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی غریب صارفین کی پہنچ سے دور ہو گئی ہے ، قیمت میں 11روپے فی کلو اضافہ ہوگیا ہے ، گھریلو سلنڈر 130 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 500روپے کااضافہ کر دیاگیا ہے جو کہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ٹیکس کی سمری پر دستخط کئے جائیں، اگر 8 نومبر تک ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو پورے ملک میں شٹر ڈائون ہڑتال کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں