ٹرین عملے کی غفلت پرپردہ ،تیل ضائع ہونے پر تحقیقات ختم

ٹرین عملے کی غفلت پرپردہ ،تیل ضائع ہونے پر تحقیقات ختم

جنریٹر میں تیل بھرتے ہوئے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر 900لٹر ڈیزل ضائع ہواتھا

ملتان (خبرنگارخصوصی) ریلوے ملتان شعبہ الیکٹریکل نے ٹرین عملہ کی غفلت کے باعث تیل ضائع ہونے کے واقعہ کی تحقیقات ٹھپ کرا دیں۔بتایا گیاہے کہ3ماہ قبل کراچی جانے والی 26ڈاؤن زکریا ایکسپریس جب ملتان سے روانہ ہوئی تو اس کے پاور پلانٹ نمبر6210 کے آپریٹرز علی رضا اور عمران خان نے ٹرین کے جنریٹر میں ڈیزل بھرنے کے لیے موٹر چلائی اوربعد ازاں اے سی بوگی میں بیٹھ گئے اور موٹر بند کرنا بھول گئے ،تیل جنریٹر میں بھر جانے کے بعد اوور ہوکر ٹریک پر گرنا شروع ہو گیا،بعدازاںٹرین کے انچارج گارڈ نے جب تیل ٹریک پر گرتے دیکھاتو اس نے فوری طور پر کنٹرول میسج دے کر شیر شاہ سٹیشن پر ٹرین رکوا دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران 900 لٹر کے قریب ڈیزل ضائع ہوچکا تھا ، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر ریلوے ملتان محمد اسماعیل نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم جاری کیا تھا،تاہم تین ماہ گزرنے کے باوجود اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوسکی۔ بتایا گیاہے کہ شعبہ آر ٹی ایل کے پاوروین انچارج عثمان شریف نے مبینہ طور پر انکوائری ٹھپ کرادی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں