مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، کرپشن، بیڈ گورننس کا حل سیرت طیبہ میں موجود

مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، کرپشن، بیڈ گورننس کا حل سیرت طیبہ میں موجود

ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران سیرت طیبہ پر عمل پیرا نہیں:مولاناایازالحق،ریاست مدینہ کے نعرے پرعمل نہیں کیا:مجاہدعباس حکومت سیرت طیبہ سے رہنمائی لے اور حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ قائم کرے :علامہ فاروق سعیدی،مولانا زبیر صدیقی ودیگر

ملتان(فورم رپورٹ:شفقت بھٹہ)مختلف دینی جماعتوں کے رہنمائوں اور علماء کرام نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال بدترین ہے ، معاشرہ پستی کا شکار ہے ، حالات میں کشیدگی کا عنصر بڑھ گیا ہے ، لوگوں کو خوشحال کرنے اور سہولیات دینے کے بجائے پریشانی اور بے روزگاری دی جا رہی ہے ، اسوہ نبویؐ سے راہنمائی لے کر ان تمام بحرانوں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے ، اسلام کا نظام عدل ہمارے معاشرے کی ساری خرابیوں کا حل ہے ، مہنگائی، بے روز گاری، بد امنی، کرپشن اور بیڈ گورننس جیسے سماجی مسائل کا حل نبی اکرمؐ کی تعلیمات میں موجود ہے ، تجارت، معیشت، صنعت، منبر و محراب غرض زندگی کے ہر شعبے میں ہمیں سیرت طیبہ کو اپنانا ہو گا۔ ‘‘دنیا’’ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے جماعت اہل سنت پنجاب کے ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے کہا ہے کہ نبی اکرمؐ کے ساتھ اپنی محبتوں اور عقیدتوں کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں سیرت طیبہ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا چاہئے ۔ جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے مہتمم مولانا زبیر احمد صدیقی نے کہا ہے کہ مذہب سے گہرا لگاؤ اور خوف خدا پیدا کر کے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ ناظم مرکزی جمیعت اہلحدیث ضلع ملتان علامہ عنائت اللہ رحمانی نے کہا ہے کہ سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے ہمیں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔ جمعیت علماء اسلام پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و امیر جمیعت علماء اسلام ضلع ملتان مولانا ایاز الحق قاسمی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران سیرت طیبہ پر عمل پیرا نہیں ہیں، حکمران روزی اور انصاف کی فراہمی کو آسان بنائیں، حکومت وقت سیرت طیبہ سے رہنمائی لے اور حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ قائم کریں۔ صدر پاکستان عزاداری کونسل علامہ سید مجاہد عباس گردیزی نے کہا ہے کہ سیرت نبی اکرمؐ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، ہم نے ریاست مدینہ کا نعرہ تو لگا دیا مگر عمل نہیں کیا، لوگوں کو خوشحال کرنے اور سہولیات دینے کے بجائے پریشانی اور بے روزگاری دی جا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ نبی اکرمؐ نے زندگی کے تمام شعبوں میں اللہ کا حکم نافذ کیا، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سیرت طیبہ پر عمل کریں۔ انچارج مرکزی سیاسی کمیٹی پاکستان سنی تحریک ڈاکٹر عمران مصطفیٰ کھوکھر نے کہا ہے کہ ہمارے حکمران اگر سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کریں تو ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالا جا سکتا ہے ، سادگی کو طرہ امتیاز بنانا ہو گا ۔ صدر متحدہ میلاد کونسل زاہد بلال قریشی نے کہا ہے کہ عملی طور پر ہم اخلاقی گراوٹ کا شکار ہو چکے ہیں، عدم برداشت بڑھ چکی ہے ، ان تمام مسائل کا حل سیرت طیبہ میں موجود ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں