مخالفین نے خاندان قتل کردیا،مجبوراً بندوق اٹھالی:سدرہ سعید

مخالفین نے خاندان قتل کردیا،مجبوراً بندوق اٹھالی:سدرہ سعید

سوشل میڈیا پر بندوق اٹھانے پر لوگوں اور مخالفین نے بہت شور برپا کیا :پریس کانفرنس

جہانیاں (نامہ نگار)سابق ایم این اے چودھری الیاس بندیشہ مرحوم کی بھتیجی سدرہ سعید نے کہاہے کہ مخالفین نے ہمارے خاندان کے لوگوں کو قتل کردیا ،ہم نے اب مجبوراً اپنی حفاظت کے لئے بندوق اٹھالی ہے ،پنجاب حکومت مجھے اور میرے خاندان کے بقیہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جہانیاں آمد پر سینکڑوں لوگوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سدرہ سعید بندیشہ کی جہانیاں آمد پر اس کی برادری کے سینکڑوں افراد نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ان کا استقبال مقامی ہوٹل قصر الحمرا ریسٹورنٹ میں کیا گیا جہاں پر سینکڑوں لوگوں کے ہمراہ سدرہ سعید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے ایک مقامی ایم این اے کے ساتھ ہماری خاندانی دشمنی ہے ، اس نے میرے داداجان، والد اور بھائی سمیت خاندان کے سب افراد کو قتل کردیا ،مجھ پر بھی4دفعہ جان لیوا حملہ ہوچکا ہے ، میں نے مجبوراً اپنی حفاظت کے لئے بندوق اٹھا لی ہے ، سوشل میڈیا پر بندوق اٹھانے پر لوگوں اور مخالفین نے بہت شور برپا کیا ،بندوق کا لائسنس میرے نام پر ہے ایک خاتون اپنی حفاظت کے لئے بندوق نہ اٹھائے تو اور کیا کرے ،پولیس اور حکومت ہمیں تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے ، اس لئے ہمیں اپنی جان کی حفاظت کے لئے ہتھیار اٹھانا پڑا ،سدرا سعید نے مزیدکہا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بالکل ناکام ہوچکی ہے مجھے اور میرے خاندان کو مخالفین کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں ،پنجاب حکومت اور پولیس میری حفاظت کے لئے سرکاری اہلکاروں کو تعینات کرے اور قاتلوں کو گرفتار کر کے ان کو سزا دلوائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں