پنجاب : 11لاکھ صنعتی کارکنوں کو سوشل سکیورٹی کارڈ جاری کرنیکا اعلان

پنجاب : 11لاکھ صنعتی کارکنوں کو سوشل سکیورٹی کارڈ جاری کرنیکا اعلان

سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں16کروڑ کی کرپشن پکڑی ،جس پر سسٹم کو آن لائن کرنا پڑا :وزیرمحنت انصرمجید

ملتان( نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں صنعتی کارکنوں کو مزدور کارڈ جاری کئے جائیں، جس پر20 سے زائد آؤٹ لٹ پر15 فیصد رعایت حاصل ہو گی،مزدور کارڈ جنوری میں لانچ کر دیا جائے گا۔انہوں نے پنجاب کے 11لاکھ رجسٹرڈ صنعتی کارکنوں کو سوشل سکیورٹی کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے صنعتی کارکنوں کو ملنے والی میرج اور ڈیتھ گرانٹ میں اضافہ کردیا ہے ،میرج گرانٹ کی رقم 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10لاکھ روپے جبکہ تدفین کے اخراجات کے لئے ڈیتھ گرانٹ5 لاکھ روپے سے بڑھا6لاکھ روپے کر دی ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خاتون صنعتی کارکنوں کو ہر سال100 موٹر سائیکلیں دی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے صنعتی کارکنوں میں 2 کروڑ40 لاکھ روپے مالیت کے ویلفیئر گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے موقع پر منعقدہ تقریب اور پی ٹی آئی لیبر ونگ کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور ملتان چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر محنت و انسانی وسائل نے کہا کہ جن صنعتی اداروں میں100 سے زائد افراد پر مشتمل لیبر کام کرتی وہاں فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی،ان فیئر پرائس شاپس پر اشیائے ضروریہ10 فیصد رعایت پر دستیاب ہونگی۔دریں اثنا ملتان میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرمحنت انصرمجید نے کہاکہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں16کروڑ روپے کی کرپشن پکڑی، جس کی وجہ سے سسٹم کو آن لائن کرنا پڑا تاہم موجودہ صورتحال میں 23کروڑ روپے کی لاگت سے چائلڈ لیبر کے حوالے سے سروے مکمل کر لیا ہے اور جلد ہی 39 لیبر قوانین کو صرف ایک قانون میں ضم کر دیں گے ، جس سے لیبر کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بن جائیگا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں