خانیوال:غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں پر ایرانی تیل کی سپلائی

خانیوال:غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں پر ایرانی تیل کی سپلائی

پٹرول و ڈیزل مہنگا فروخت ،سول ڈیفنس عملہ ملوث،کمشنرنوٹس لیں:شہری

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر +نامہ نگار)غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں پر ایرانی تیل کی سپلائی دھڑلے سے جاری ہے ۔غیر قانونی ڈیزل و پٹرول ایجنسیاں سر عام مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر پٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے غیر قانونی دھندہ کرنے والوں کی پشت پناہی شروع کر دی۔گزشتہ دنوں پٹرول پمپ پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر فائر بریگیڈنے قابو پا لیا، جبکہ دوسری جانب ناقص وغیر معیاری ڈیزل و پٹرول کی وجہ سے شہریوں کی گاڑیاں کھٹارہ بننا شروع ہو گئیں۔محکمہ سول ڈیفنس کے افسروں نے خاموشی اختیار کر لی۔ شہریوں نے کمشنر ملتان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔ ضلع خانیوال کی چاروں تحصیلوں ، شہرو گردونواح کے علاقوں جسونت نگر چوک، فاروق اعظم چوک، اکبر بازار، اہلحدیث چوک میں جگہ جگہ غیر قانونی پٹرول کی فروخت اور انسانی جانوں سے کھیلنے کے خطرناک اڈے قائم ہو گئے ، خطرات لاحق ہونے کے باوجود محکمہ سول ڈیفنس کے افسر و اہلکار کسی قسم کے کوئی اقدامات بروئے کار لانے سے گریزاں ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں