کھاد کے گوداموں اور سیل پوائنٹس کی چیکنگ کا آغاز
ڈیلرز زیادہ کھاد منگوائیں،کسانوں کو فراہمی میں تعطل نہ آنے دیں:ڈپٹی کمشنر
ملتان(وقائع نگار خصوصی )کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے یوریا کھاد کے گوداموں اور سیل پوائنٹس کی چیکنگ کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور ڈائریکٹر زراعت توسیع ملتان شہزاد صابر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت لیاقت علی گوندل کے ہمراہ یوریا کھاد کا سٹاک اور سپلائی چیک کرنے کیلئے ضلع کے بڑے کھاد گوداموں اور سیل پوائنٹس چیک کئے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان نے کھاد کے سٹاک رجسٹر اور سپلائی چین کی انسپکشن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کھاد کے سٹاک رجسٹر اور سپلائی چین کی انسپکشن کی اور ڈیلرز کو ہدایت کی کہ یوریا کھاد کی سرکاری ریٹ 1768روپے پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیلرز زیادہ سے زیادہ مقدار میں یوریا کھاد منگوائیں اور کسانوں کو فراہمی میں تعطل نہ آنے دیں ۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران کسانوں سے بھی ملاقات کی اور انکے کھاد کی فراہمی کے حوالے سے مسائل دریافت کئے ۔ کسان نمائندگان نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔