جہانیاں پولیس، ناقص کارکردگی،2ماہ میں متعدد ڈاکے چوریاں
بچوں کی پھندا لگی 3لاشیں مل چکیں، پولیس خاتون کے قتل کا معاملہ بھی حل نہ کرسکی
جہانیاں (نمائندہ دنیا)پولیس کی ناقص کارکردگی دوماہ سے قتل ڈکیتی چوری فائرنگ کی متعدد وارداتیں، شہری لاکھوں کی نقدی سے محروم ایک ہی علاقہ میں بچوں کی پھندا لگی مسلسل 3 لاشیں مل چکیں، دن دہاڑے خاتون کے قتل کا بھی پولیس تاحال معاملہ حل نہ کرسکی، کارروائیاں فوٹو سیشن تک محدود ہیں ۔ شہریوں نے آئی جی پنجاب اورڈی پی او خانیوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔ تفصیل کے مطابق ڈی ایس پی،ایس ایچ او کی ناقص کارکردگی کے باعث جہانیاں میں بچوں کے قتل ،خودکشی، اغوا اورہوائی فائرنگ کے واقعات تھم نہ سکے ،جہانیاں میں گزشتہ کئی ماہ سے بچوں کی پھندا لگی لاشیں مل رہی ہیں، ایک بچہ اغوابھی ہوا، کارروائیاں مقدمات تک محدود ہیں ،پولیس تاحال نہ تو قتل کا سراغ لگاسکی اور نہ ہی بچہ بازیاب کروا سکی، تھانہ جہانیاں کی حدود میں مسلسل 3 بچوں کی لاشیں ملنے پر علاقہ میں خوف کی فضا قائم ہوگئی ،تھانہ جہانیاں کی حدود چک 112 دس آر 7 مرلہ سکیم میں گزشتہ ماہ 8 سالہ ثاقب کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیاگیا ،لاش قریبی کھیتوں سے ملی جبکہ 12 سالہ طالب علم عدیل کیں گھر سے پھندا لگی لاش ملی، اسی علاقہ سے 13سالہ نوید کی بھی گھر سے پھندا لگی لاش ملی ، اسی علاقہ کا 12سالہ بچہ طلحہ کئی ماہ سے لاپتہ ہے ،گزشتہ روز دن دہاڑے نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کردیا۔ چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی مسلسل اضافہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔شہریوں نے وزیراعلیٰ ، آئی جی پنجاب،آرپی او ملتان اورڈی پی او خانیوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔