کینٹ‌ ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں میں تاخیر معمول، غیر معیاری اشیا کی فروخت مسافر خوار

کینٹ‌ ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں میں تاخیر معمول، غیر معیاری اشیا کی فروخت مسافر خوار

کینٹین اور اردگرد کے کمروں میں چوہے دوڑ نے لگے ،صفائی کا نظام درست نہیں ، بنچیں نا کافی ،واش روم نہایت گندے ،ذمہ دارافسروں کو سزادی جائے ،مسافر ’’دنیافورم ‘‘میں پھٹ پڑے

ملتان(فورم رپورٹ:شفقت بھٹہ)ریلوے انتظامیہ مسافروں کو ریلیف پہنچانے میں ناکام ہو گئی ہیں، ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر معمول بن گئی جس کے باعث مسافر گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں، پانی نایاب جبکہ غیر معیاری اشیاء خوردو نوش کی مہنگے داموں فروخت بھی دھڑلے سے جاری ہے ۔ صفائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث سٹیشن پر قائم کینٹین اور اردگرد کے کمروں میں چوہے دوڑ رہے ہیں۔ ملتان کینٹ ریلوے سٹیشن پر کئے گئے ‘‘دنیا’’ فورم میں ٹرین کے منتظر مسافر ریلوے حکام پر برس پڑے ۔ تصویر احمد نے کہا ہے کہ ریلوے ٹرین آپریشن برْی طرح متاثر ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر معمول بن گئی ہے ، روز ٹرینیں لیٹ ہونے سے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ،سردی میں ریلوے پلیٹ فارمز پر گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ سعید احمد نے کہا ہے کہ پلیٹ فارم پر چوہے دوڑ رہے ہیں، کینٹین اور ٹائلٹس میں صفائی نہ ہونے کے برابر ہے ، پینے کے لئے صاف پانی میسر نہیں ہے ۔ محمد اسلم کا کہنا تھا کہ صفائی کا نظام درست نہیں ہے ۔ محمد عمر نے کہا کہ ٹرینوں کی تاخیر سے چلنے اور صحیح اطلاع نہ ملنے کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہورہے ہیں، ریلوے انتظامیہ ٹرینوں کے آنے اور جانے کی کوئی درست معلومات فراہم نہیں کر رہی۔ طاہر محمود اورغلام قاسم کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کی تاخیر کی بنیادی وجہ محکمہ ریلوے کی بدانتظامی ہے ۔ منیر احمد نے کہا کہ انتظار گاہ میں بیٹھنے کے لئے بنچیں نا کافی ہیں ،واش روم نہایت گندے ہیں۔ عبدالقیوم نے کہا کہ ذمہ دار ریلوے افسروں کو سزائیں دی جائیں تاکہ ٹرینوں کے اوقات درست ہو سکیں۔ اشفاق احمد نے کہا کہ ملتان کینٹ ریلوے سٹیشن پر ناکافی سہولیات اورناقص انتظامات نے بھی رہی سہی کسر پوری کردی ہے ، مجبوراً پلیٹ فارموں پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، پینے کے پانی تک کی قلت کا سامنا ہے ، کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ محمد عرفان نے کہا کہ کوئی ذمہ دار یہ تک بتانے کیلئے موجود نہیں ہے کہ تاخیر سے آنے والی ٹرینوں کی آمد کب تک متوقع ہے ۔ انہیں کم از کم انتظامیہ یہ تو بتادے کہ ٹرین کی آمد کب تک متوقع ہے تاکہ وہ اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں مگراس کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے ۔ رانا لیاقت علی نے کہا کہ ریزرویشن دفاتر میں ٹکٹوں کے حصول میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، پلیٹ فارم پر غیر قانونی طور پر بلیک میں ٹکٹیں فروخت کی جا رہی ہیں۔ محمد اسلم کا کہنا تھا کہ ریلوے کا اللہ حافظ ہے ، وزیر ریلوے قوم پر رحم کریں اور ریلوے کی حالت بہتر بنائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں