تجاوزات کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

تجاوزات کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد سے چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے وفدکی ملاقات ،شہر کی تعمیر و ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی تاجر برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے :کمشنر ،تجاوزات کی اجاز ت نہیں :عامرکریم ،تجاوزات مافیا کی سرپرستی نہیں کرینگے :تاجروفد

ملتان(وقائع نگار خصوصی )کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد سے چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے وفد نے خواجہ شفیق کی قیادت میں ملاقات کی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں بھی موجود تھے ۔اجلاس میں شہر میں تجاوزات کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تاجر وفد نے شہر کی تعمیر و ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ تاجر برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔سوئی گیس، پی ٹی سی ایل اور واسا کو سڑک کی تعمیر کے بعد بحالی کا ٹاسک سونپ دیاہے ،شہر کے تمام 50 پارکوں میں بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ڈی سی ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عیدگاہ سے خانیوال روڈ رشیدگاہ فلائی اوور تک سڑک کی کشادگی کی منظوری دیدی ہے ،دوسرے فیز میں رشیدآباد چوک تا کمہارانوالہ چوک کی کشادگی کی جائیگی۔تجاوزات کے خاتمے ، شاہراہوں کی کشادگی کیلئے تاجر برادری اپنا کردار ادا کرے ،دکان کی حدود سے باہر کسی کو بھی سامان رکھنے کی اجازت نہیں ہے ۔ شہر کی اہم مارکیٹوں میں دکانوں کے ایک جیسے بورڈز لگائے جارہے ہیں جبکہ شہر کی صفائی کیلئے دوسری شفٹ کا آغاز کردیا گیا۔ سمال ٹریڈرزوفد نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے تاجر برادری ساتھ ہے ،کسی تجاوزات مافیا کی سرپرستی نہیں کریں گے ۔وفد میں شامل احتشام الحق، ظفر اقبال صدیقی،مرزا اعجاز، طارق کریم ، طاہر امجد،خواجہ یاسر، عاصم شریف ، شاہد عالم ، فیصل شفیق، ظفر اقبال،طیب آرائیں، شیخ بدر منیر، عبدالرحمن ، عبدالندیم، شیخ طاہر، ملک شفقت رضا، حافظ صادق، سیف اللہ شیخ، چودھری مشتاق نے انتظامیہ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں