سوئی گیس لوڈ شئڈنگ: لکڑی اور کوئلہ 25 فیصد مہنگا

سوئی گیس لوڈ شئڈنگ: لکڑی اور کوئلہ 25 فیصد مہنگا

خشک لکڑی ایک ہزار روپے ،گیلی لکڑی 8سو روپے فی من فروخت ہونے لگی، کوئلے کی قیمت 2100سے بڑھاکر2500روپے فی من ہوگئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں کھانابنانامشکل ہوگیا،صعنتوں کا پہیہ بھی کوئلے پر چلنے لگا ، صورتحال سے تنگ شہری احتجاج پراترآئے

ملتان(جام بابر سے )ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے ،جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ جلانے کیلئے لکڑیوں اور کوئلے کی مانگ میں اضافہ ہونے پر ٹال مالکان نے بھی قیمتوں میں 25 فیصد تک کا اضافہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق جاڑے کا موسم آتے ہی ملتان شہر اور گرد نواح میں صبح اور شام کے اوقات میں گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث گھریلوں صارفین نے گھروں کا چولہا جبکہ کاروباری حضرات نے صنعتوں کا پہیہ چلانے کے لئے کوئلے کی خریداری شروع کر دی ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹال مالکان نے بھی لکڑی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد خشک لکڑی ایک ہزار روپے جبکہ گیلی لکڑی 8سو روپے فی من کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے جبکہ کوئلے کے 21سو روپے سے بڑھا کر 25سو روپے فی من کر دئیے ہیں جس سے شہریوں کی مشکلات میں بھی مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔ شہریوں کی کا سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سوئی گیس حکام کی جانب سے گیس کی بندش کو معمول بنا لیا ہے جس کے باعث صبح کے ٹائم بچوں کو سکول جبکہ بڑوں کو کام کاج پر بھیجتے وقت ان کے لئے ناشتہ بنانے میں مشکلات درپیش ہیں کیونکہ گیس نہ ہونے کے باعث انھیں لکڑیوں کا استعمال کرنا بڑتا ہے جبکہ شام کے وقت بھی اسی صورتحال کا سامنا کر پڑتا ہے ۔صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ گیس پریشر کم ہونے کے باعث انہیں انڈسٹری کا پہیہ چلانے کے لئے کوئلے کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے جس ان کی پیداواری لاگت میں بھی پے پناہ اضافہ ہو رہا ہے ۔لکڑی اور کوئلے کی طلب میں بے پناہ اضافے کے باعث ٹال مالکان نے بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔سنگین صورتحال کے باعث شہریوں نے محکمہ سوئی گیس اور ٹال مالکان کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع کر دیاہے ۔محکمہ سوئی گیس کے حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں شیڈول کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں