گنے کا سیزن ،ٹی پی لنک کینال پل پر ٹریفک جام رہنا معمول
حفاظتی جنگلے ٹوٹ گئے ، طلبہ کو اذیت کا سامنا، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)لیہ، مظفرگڑھ، ملتان اور ڈی خان کو ملانے والی اہم شاہراہ ٹی پی لنک کینال پل پر گنے کا سیزن شروع ہوتے ہی شدید ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔ تفصیل کے مطابق کوٹ ادو کا مین پل ٹی پی لنک کینال جس سے ہیوی ٹریفک کراچی سے اسلام آباد جاتی ہے ایک تو اس کے حفاظتی جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گنے کے سیزن میں کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنا، طلباء و طالبات اور نوکری پیشہ افراد کیلئے درد سر اور مسافروں کیلئے شدید پریشانی کا سبب بنا چکا ہے ۔ شہری حلقوں نے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایمرجنسی مریض جن کو نشتر ملتان ریفر کیا جاتا ہے ریسیکو ایمبولینس کی گاڑیاں کئی کئی گھنٹے ٹی پی لنک کینال پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے پھنسی رہتی ہیں جس سے کئی مریضوں کی زندگیاں بھی داؤ پر لگ جاتی ہیں ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔