بااثر ٹھیکیدار کا نجی ٹی وی چینلوں کے رپورٹروں پر تشدد
رپورٹرز سے کیمرے ، موبائل فون چھین لیے ، پولیس کارروائی سے قاصر
مظفرگڑھ (نامہ نگار)صوبائی وزیر کی کوریج کے لیے جانیوالے صحافیوں پر ہیڈ تونسہ ٹال ٹیکس کے بااثر ٹھیکیدار کا تشدد، نجی چینلوں کے رپورٹروں کو یرغمال بناکر کیمرے ، لوگو اور موبائل فون چھین لیے ۔ تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں صوبائی وزیر راشد حفیظ کے دورے کی کوریج کے لیے جانیوالے نجی ٹی وی چینلوں کے رپورٹروں پر ہیڈ تونسہ ٹال ٹیکس کے بااثر ٹھیکیدار احتشام اور اس کے کارندں نے تشدد کیا اور غنڈہ گردی کرتے ہوئے رپورٹرز سے کیمرے ، موبائل اور چینلز کے لوگو بھی چھین لیے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیتا رہا۔ تھانہ صدر کوٹ ادو پولیس نے موقع پر پہنچ کر بااثر ٹھیکیدار کی کار سے کیمرے ، موبائل اور چینلز کے لوگو برآمد کر لئے ۔ بااثر ٹھیکیدار پولیس اہلکاروں کے سامنے بھی صحافیوں کو دھمکیاں دیتا رہا اور سامان چھیننے کا بھی اعتراف کرتا رہا جبکہ پولیس اہلکاروں نے سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین ٹھیکیدار کیخلاف کوئی کارروائی نہ کی اور واپس چلے گئے ۔ جس پر ضلع بھر کے پریس کلبوں اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے ٹھیکیدار کی غنڈہ گردی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔