موجودہ حکمرانوں نے بدعنوانی کی انتہا کردی:نوابزادہ افتخار
حکومت صرف عوام کو مہنگائی کا تحفہ دے رہی ، ریلیف دینے میں ناکام ہے :خطاب
خان گڑھ(سٹی رپورٹر)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمدخان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے لوٹ مار اور بدعنوانی کی انتہا کردی ہے جبکہ آئے روز آڈٹ رپورٹس میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے سکینڈل سے عوام میں چہ میگوئیاں شروع ہو چکی ہیں،حکومت صرف عوام کو مہنگائی کا تحفہ دے رہی ہے جبکہ ریلیف دینے کا کوئی نام ہی نہیں جس کی وجہ سے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کو صرف سہانے خواب دکھائے ہیں جبکہ ان خوابوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان سے عام شہری پریشان ہیں ۔ آئندہ الیکشن میں عوام کی طاقت سے پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بن کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گے ۔