ایڈیشنل، آئی جی جنوبی پنجاب آفس کے قیام سے عوامی مسائل دہلیز پر حل ہوئے: ظفر اقبال

ایڈیشنل، آئی جی جنوبی پنجاب آفس کے قیام سے عوامی مسائل دہلیز پر حل ہوئے: ظفر اقبال

پولیس کی علاقوں پر گرفت مضبوط ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید اقدامات جاری،دنیا میڈیا گروپ نے مختصر عرصے میں اپنا مقام بنایا:ایڈیشنل آئی جی ،دنیاآفس ملتان میں گفتگو

ملتان (نسیم یوسف)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب آفس کے قیام کو سواسال مکمل ہوگئے ہیں، اسکے قیام کا مقصد جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کو ان کے خطے میں حل کرنا اور فوری انصاف کی فراہمی تھا ،اس بات پر فخر ہے کہ جنوبی پنجاب آفس پوری آب و تاب اور مکمل اختیارات کے ساتھ اپنا کام کررہا ہے جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوئے ہیں اور پولیس کی ان علاقوں میں بھی گرفت مضبوط ہوئی ہے جہاں ہمیشہ نقص امن رہا ہے ان علاقوں میں رحیم یار خان کے کچے کا علاقہ سرفہرست ہے ۔ضلع رحیم یار خان کے علاقہ بھونگ میں تین تھانوں پر مشتمل نئے ایس ڈی پی او آفس کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے اس علاقہ میں شہریوں میں تحفظ کا احساس ملا ہے ۔ اسی علاقے میں جمال دین پولیس چوکی کو تھانہ کا درجہ بھی جلد دے دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے روز نامہ دنیا ملتان کی چھٹی اور دنیا نیوز کی تیرہویں سالگرہ کے موقع پر گزشتہ روز دنیا آفس ملتان آمد کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر منیجنگ و ریذیڈنٹ ایڈیٹر افتخار الحسن اور بیورو چیف نعمان خان بابر بھی موجود تھے ۔ کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے روزنامہ دنیا ملتان اور دنیا چینل کی سالگرہ کے حوالے سے کہا کہ دنیا انتظامیہ و سٹاف مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی محنت و لگن کے باعث دنیا میڈیا گروپ نے مختصر عرصے میں اپنا مقام بنایا،بے باک صحافت اور مثبت سوچ دنیا میڈیا گروپ کی کامیابی کی وجہ ہے ۔کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پولیس کے ساوتھ پنجاب آفس کی جانب سے جنوبی پنجاب کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے مزید اقدامات جاری ہیں جن کی خود سپروژن کررہا ہوں، ان اقدامات میں محکمہ پولیس کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے دفاتر،پولیس لائنز، پولیس اسٹیشنز اور رہائشی عمارات کے 34 تعمیراتی منصوبہ جات جاری ہیں جو جلد مکمل ہوجائیں گے جبکہ 27 نئے منصوبے تعمیراتی کام کے آغاز کے مرحلہ میں ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں