ہیڈ نرس نے ہسپتال کا سامان گھر بھجوانا معمول بنا لیا،عملہ

ہیڈ نرس نے ہسپتال کا سامان گھر بھجوانا معمول بنا لیا،عملہ

کئی بار ہسپتال کا سرکاری سامان انکے گھر تک پہنچایا :عملے کا بیان حلفی

ملتان(نیوز رپورٹر)نشتر ہسپتال کی ہیڈ نرس نے ہسپتال کا سامان اپنے گھر بھجوانا معمول بنا لیا۔ تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال میں تمام عملہ نے کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے نشتر میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین اور ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر امجد چانڈیو کو درخواست دیتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ہیڈ نرس شہناز عزیز متعدد بار سرکاری سامان جس میں گاز، کاٹن رول، سرف سوڈا اور دیگر وارڈ سے چوری کر کے اپنے گھر لے جاتی ہیں اور اگلے روز پورے عملے کو وارڈ میں اکٹھا کر کے سب پر چوری کا الزام لگاتی ہیں ۔ جینی ٹوریل سٹاف کی حاجراں بی بی اور فیمیل وارڈ کلینر رشیدہ نے حلفیہ بیان جمع کروایا جس کے مطابق ہیڈ نرس شہناز عزیز کی جانب سے نوکری سے نکالے جانے کی دھمکیوں کی وجہ سے کئی بار ہسپتال کا سرکاری سامان انکے گھر تک پہنچایا ہے ۔ اس حوالے سے پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن نے بھی نشتر ہسپتال انتظامیہ کو باقاعدہ درخواست دی ہے اور کہا ہے کہ وارڈ 9 کا عملہ اب کسی صورت ہیڈ نرس شہناز عزیز کے زیر اثر کام کرنے کو تیار نہیں ہے لہذا انتظامیہ فوری اس معاملے کی انکوائری کرائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں