خونخوار کتوں کا حملہ ،8بھیڑ بکریوں کو چیر پھاڑ ڈالا
آوارہ کتوں کے غول کا مویشیوں کے باڑے پر حملہ ، خونخوار کتوں نے 8بھیڑ بکریوں کو چیر پھاڑ ڈالا
لیہ (نمائندہ دنیا)تفصیل کے مطابق پیر جگی کے علاقہ چک 172 ٹی ڈی اے کے رہائشی مویشی پال اﷲ وسایا نے بھیڑ بکریوں کا باڑا بنا رکھا تھا جہاں گذشتہ رات کتوں کے غول نے حملہ کر دیا اور باڑے میں موجود بھیڑ بکریوں سمیت 8 جانوروں کو چیر پھاڑ ڈالا ۔بتایا جاتاہے کہ کتوں کا یہ غول چند روز قبل قریبی گھر میں موجود ایک اور مویشی پال کے باڑے پر بھی حملہ آور ہوا جس میں چار جانور اس غول کا شکار ہوئے تھے ۔ خونخوار کتوں کے جانوروں کے باڑے پر مسلسل حملوں کے باعث علاقہ مکین خوف کا شکار ہیں جبکہ مویشی پال حضرات راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں ، متاثرہ شخص کے مطابق متعدد بار متعلقہ اداروں کو کتوں کے غول کے بارے میں درخواست دی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔اہل علاقہ نے ایک بار پھر کتوں کی تلفی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔