ضلعی عدالتوں میں17ہزارسے زائد کیسزالتواکا شکار

ضلعی عدالتوں میں17ہزارسے زائد کیسزالتواکا شکار

مقدمات کے بروقت فیصلے نہ ہونے سے نئے مقدمات نے عدالتوں پر بوجھ بڑھا دیا

ملتان(کورٹ رپورٹر)ملتان کی ضلعی عدالتوں میں التو اکے شکارکیسز کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ مقدمات کے بروقت فیصلے نہ ہونے کے باعث نئے مقدمات نے ضلعی عدالتوں پر بوجھ بڑھا دیا ہے ۔ قتل، زیادتی، منشیات، ڈکیتی، اغوا، اقدام قتل، تشدد، اوور سیز پاکستانیوں کے کیسز، ہراسمنٹ، اندراج مقدمہ، ضمانت منسوخی، حبس بے جا سمیت دیگر چھوٹے اور سنگین نوعیت کے پولیس اور سپیشل تھانوں کے 17 ہزار سے زائد مقدمات زیر سماعت ہیں۔ وکلا کے مطابق قومی عدالتی پالیسی پر عملدرآمد ایک خواب بن کر رہ گیا ہے اور مقرر کردہ وقت میں فیصلے نہ ہونے سے لاکھوں سائلین خوار ہورہے ہیں۔ روانہ پیشی پر آئے سینکڑوں سائلین صرف کیسز کی اگلی تاریخ لیکر گھروں کو واپس لوٹ جاتے ہیں ۔ وکلاء نے مقدمات کے جلد فیصلوں کے لیے ججوں کی کمی کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم آئے روز وکلا کی ہڑتالیں اور ماضی میں کورونا وائرس کی شدید لہر نے بھی پینڈنگ کیسز کی تعداد میں بے پناہ اضافہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں