سٹاف کی کمی، واسا کو ریکوری اہداف میں مشکلات

سٹاف کی کمی، واسا کو ریکوری اہداف میں مشکلات

یونین کونسلوں میں بل ڈسٹری بیوٹرز ہی موجود نہیں ، ڈس کنکشن مہم بھی متاثر

ملتان (وقائع نگار خصوصی)محکمہ واسا کے شعبہ ریکوری میں سٹاف کی کمی کا مسئلہ سنگین ہو گیا ، متعدد یونین کونسلوں میں بل ڈسٹری بیوٹرز اور ڈس کنکشن ٹیموں کے پاس سیور مین نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے - سٹاف کی کمی کی وجہ سے ریکوری اہداف کے حصول میں بھی مشکلات درپیش ہیں - تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا میں سینکڑوں ملازمین کی اسامیاں خالی پڑی ہیں ، سٹاف کی کمی کی وجہ سے شعبہ کے مقرر کردہ ریکوری اہداف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے - معلوم ہوا ہے کہ یونین کونسل نمبر 4 ، 29 ، 34 اور 46 میں سرے سے بل ڈسٹری بیوٹرز ہی موجود نہیں ہیں ، جس کی وجہ سے صارفین کو بل پہنچانے میں بھی مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔دوسری جانب یونین کونسل نمبر 2 ، 9 اور 15 میں نادہندہ صارفین کے کنکشن منقطع کرنے والی ٹیم کے پاس سیور مین ہی موجود نہیں ہیں ، جس کی وجہ سے ڈس کنکشن مہم شدید متاثر رہتی ہے اور بڑے نادہندہ صارفین کے سیوریج کنکشن منقطع کرنے کے لئے پرائیویٹ افراد کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں ۔واسا انتظامیہ کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے نئی بھرتیوں کی اجازت کے بعد سٹاف کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا جائے گا ، جس سے مسائل پر کافی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں