تعلیمی اداروں کو ٹریفک اسسٹنٹ تعینات کرنے کا حکم
ایم ڈی اے ، کارپوریشن، ہائی وے روڈز پر زیبرا کراسنگ اور سپیڈ بریکر بنائیں:ڈپٹی کمشنر
ملتان(کورٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں، پارکوں، ہسپتالوں کے باہر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔اس سلسلے میں کمشنر کے حکم پر تعلیمی اداروں، پارکوں کے باہر کیٹ آئز، زیبرا کراسنگ بنانے کا آغاز بھی کردیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے تعلیمی اداروں کو ٹریفک اسسٹنٹ تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ایم ڈی اے ، کارپوریشن، ہائی وے اپنی روڈز پر زیبرا کراسنگ اور سپیڈ بریکر بنائیں جبکہ ٹریفک رش کے مقامات پر بڑے سائز کے سائن بورڈ لگائے جائیں۔عامر کریم خاں نے گزشتہ روز ضلعی محکموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بچوں کو سڑک پار کرانے کیلئے اسسٹنٹ مقرر کریں۔انہوں نے کہا کہ کمشنر کے حکم پر سکول بسوں، پبلک ٹرانسپورٹ کی انسپکشن بھی جاری ہے جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی پبلک ٹرانسپورٹ آن روڈ نہیں ہونے دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کئے جارہے ہیں۔ کمشنر ملتان نے ہائی ویز، مرکزی شاہراہوں پر نئے سکول قائم کرنے پر مکمل پابندی بھی عائد کی ہے ۔