تھانوںمیں شہریوں پر تشدد کی کوئی معافی نہیں :ظفر اقبال
سائلین کی درخواست پر میرٹ پر ایف آئی آر کے فوری اندراج کو یقینی بنایا جائے
ملتان(کرائم رپورٹر)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے بہاولپور کے تھانوں کینٹ اور صدر کا اچانک معائنہ کیا، دونوں تھانوں میں صفائی کی صورتحال ناقص ہونے پر خفگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے حوالات میں موجود افراد سے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسروں کو میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تھانوں کے فرنٹ ڈیسک، مال خانوں ،ملازمین کی رہائشی بیرکس کا بھی معائنہ کیا ۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں میں سائلین کے بیٹھنے کا معقول انتظام کیا جائے اور ایف آئی آر کے فوری اندراج کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ میں شہریوں پر تشدد کی کوئی معافی نہیں اسی طرح کسی ملزم کی تھانہ میں ہلاکت پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔