عوام کی فلاح و بہبود جماعت اسلامی کاطرئہ امتیاز :لالہ رخ
اقتداراثاثے بڑھانے کیلئے نہیں قوم کی خدمت کے لئے چاہئے ـ:تقریب سے خطاب
ملتان(خبرنگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع ملتان کے شعبہ الخدمت کی طرف سے ضرورت مند خواتین اور بچوں میں گرم بستر، کپڑے اور جرسیاں تقسیم کرنے کے لئے تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت صدر جنوبی پنجاب زاہدہ ظہیر نے کی جبکہ مہمان خصوصی چیئرپرسن جوڈیشل لائیو سٹاک پنجاب انیلا خورشید تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ صدر ضلع ملتان اور نگران شعبہ جات جنوبی پنجاب لالہ رخ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا شعبہ الخدمت مصیبت میں گھرے خاندانوں کو سخت سردی سے بچانے کے لئے اشیائے ضروریہ پہنچانے کیلئے ہمہ وقت سر گرم عمل ہے ، قوم کی فلاح و بہبود کیلئے ہر وقت کام کرتے رہنا جماعت اسلامی کا طرئہ امتیاز ہے ،اس لئے ہمارے امیدوار الیکشن ہارنے سے اگلے دن ہی پورے جذبے سے خدمتِ خلق میں مصروف ہو جاتے ہیں کیونکہ ہمیں اقتدار اپنے اثاثے بڑھانے کے لئے نہیں بلکہ قوم و ملت کی خدمت کے لئے چاہئے ۔