سیلف انکم کی رقم سے ٹھیکیداروں کو ادائیگی، واسا کے ملازمین کی تنخواہ میں تاخیر

سیلف انکم کی رقم سے ٹھیکیداروں کو ادائیگی، واسا کے ملازمین کی تنخواہ میں تاخیر

افسروں پر کمیشن کے چکر میں چہیتے ٹھیکیداروں کو نوازنے کا الزام ،بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے بعد تنخواہوں کیلئے پیسے نہیں بچے ،ملازمین نے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 2دن کی مہلت دیدی

ملتان (وقائع نگار خصوصی)محکمہ واسا انتظامیہ کا انوکھا اقدام ، ایم ڈی و دیگر افسروں نے مبینہ طور پر کمیشن کے چکر میں سیلف انکم کی رقم سے ٹھیکیداروں کو ادائیگی کر دی ، مزید رقم نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں ملازمین ایک ہفتے بعد بھی تنخواہ سے محروم ہیں ، جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ غازی یونین (سی بی اے ) واسا نے انتظامیہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے دو روز کی ڈیڈ لائن دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر ناصر اقبال کا انوکھا اقدام سامنے آیا ہے ، جنہوں نے سیلف انکم سے ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کی بجائے مبینہ طور پر کمیشن کے چکر میں چہیتے ٹھیکیداروں کے 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے بل کلیئر کروا دئیے جبکہ بجلی کے بلوں کی مد میں میپکو کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی ادائیگی بھی کر دی ، جس کی وجہ سے واسا کے پاس سیلف انکم میں سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے رقم نہیں بچی ، مطلوبہ رقم نہ ہونے سے ایک ہزار سے زائد ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں - تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے درجہ چہارم کے ملازمین کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پر چکے ہیں ، جبکہ کئی ملازمین بچوں کی فیسیں ادا کرنے سے قاصر ہیں - واسا ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی معاشی مشکلات کم ہوں - واضح رہے کہ گزشتہ ماہ واسا کو پانی اور سیوریج کے بلوں کی مد میں تقریباً پانچ کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی تھی -

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں