میلسی :ٹھیکیداروں کی من مانیاں ،محکمہ لوکل گورنمنٹ سوگیا
میلسی(نمائندہ دنیا)میلسی شہر میں کروڑوں روپے کے سٹرکوں کی تعمیر کے منصوبوں میں ٹھیکیداروں کی من مانیاں ،شہر کی پہلے سے مو جود سٹرکوں کو کھود کر نیا میٹریل ڈالنے کے بجائے پرانی سٹرکوں پر پتھر ڈالنے لگے ،محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسروں نے اپنی آنکھیں بند کر لیں ۔
تفصیلات کے مطابق میلسی شہر کی سٹرکوں کی ازسر نو تعمیر کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے 60کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ حاصل کی گئی جس سے میلسی شہر میں سٹرکوں کی تعمیر کا ابتدائی کا م شروع ہے ،میلسی ٹول ٹیکس تا کالونی چوک اور کالونی روڈ تا ریلوے کراسنگ چوک پر ٹھیکیدار نے مذکورہ پرانی سٹرک کو کھود کر نیا میٹریل بچھانے کی بجائے سٹرک کے اوپر ہی پتھر ڈال کر بیڈ بنا نے کا آغاز کر رکھا ہے ، جس سے سٹرک کی مضبوطی ممکن نہیں ہو گی ۔
اور ایک سٹرک کے اوپر دوسری سٹرک بنا نے سے ٹھیکیدار کو کروڑوں روپے کی اضافی بچت ہو گی۔ اس صورتحال پر محکمہ لوکل گورنمنٹ ضلع وہاڑی کے افسروں نے چپ سادھ رکھی ہے اسی طرح 21کروڑ روپے کی بھاری لاگت سے ریلوے کراسنگ چوک تا پل ڈھمکی کارپٹ ون وے روڈ اور ریلوے روڈ کے ٹھیکیداروں نے بھی اسی فارمولے کے تحت پتھر بچھانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اوراعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میلسی شہر کی سٹرکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی موثر نگرانی کی جائے ۔