واسا ملتان کو 1 ارب 59 کروڑ 12 لاکھ روپے کی جدید مشینری فراہم کرنے کی منظوری

واسا ملتان کو 1 ارب 59 کروڑ 12 لاکھ روپے کی جدید مشینری فراہم کرنے کی منظوری

ملتان(وقائع نگار خصوصی ) شہر اولیا کے مکینوں کیلئے نئی خوشخبری آگئی ،حکومت کی کاوشوں سے واسا ملتان کو1 ارب 59کروڑ 12لاکھ روپے مالیت کی مشینری فراہم کرنے کے میگا پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ، اس منصوبے کی منظوری گزشتہ روز پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے چیئرمین پی اینڈ ڈی کی صدارت میں ہونے والے 53ویں اجلاس میں دی گئی۔

 اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واساشہزاد منیر،ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی واسا ملتان محمد ندیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ جاپان کی طرف سے واسا ملتان کو یہ مشینری گرانٹ ان ایڈ کی صورت میں فراہم کی جا رہی ہے ، واسا ملتان اور جاپانی کمپنی جائیکا کے درمیان باقاعدہ ایم او یو پر دستخط بھی کئے جا چکے ہیں اور جاپانی انجینئرز پر مشتمل وفد نے ملتان میں آ کر مشینری کے استعمال کے بارے میں واسا افسروں کی ٹریننگ کا عمل اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے مسائل کا جائزہ بھی لیا جا چکا ہے ، جدید مشینری میں سکر، فلشر، کرین، کلینگ مشین ،ڈمپنگ ٹرک، ڈی واٹرنگ پمپ، پک اپ ٹرک، لفٹر سمیت دیگر مشینیں شامل ہیں ۔

منصوبے میں واسا ملتان کو جدید کیمرے بھی فراہم کئے جائیں گے جس کے تحت نہ صرف سیوریج لائن کی بندش کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا بلکہ بندش کو دور کرنے کے بعد بھی سیوریج لائن کا مشاہدہ کیا جاسکے گا ،ان جدید کیمروں کے ذریعے سیوریج لائنوں کا بغور جائزہ لے کر قبل از وقت کراؤن فیلیئر کا پتہ لگایا جائے گا اور متعلقہ بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی ممکن بنائی جائے گی ۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا شہزاد منیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے دوست ملک جاپان کے ذریعے واسا ملتان کو جدید مشینری کی فراہمی کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس مشینری کے ذریعے واسا ملتان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں