بوگیوں کی مرمت نظر انداز: مسافر ٹرینوں میں حشرات کی بھرمار

بوگیوں کی مرمت نظر انداز: مسافر ٹرینوں میں حشرات کی بھرمار

ملتان(خبرنگارخصوصی)ریلوے میں سفری سہولیات بہتر نہ ہونے کے باعث مسافر پریشانی کا شکار ہیں، ٹرینوں کی پرانی بوگیوں کی بہتری اور ضروری مرمت نظر انداز کر دی گئی ہے ۔

 مسافر ٹرینوں میں کھٹمل اور حشرات الارض کی موجودگی بھی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، لاکھوں روپے صفائی کے نام پر خرچ ہونے کے باوجود حشرات الارض کی ٹرینوں میں موجودگی نے ریلوے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان پیدا کر دیا ہے ۔ مسافروں کو غیر معیاری صفائی کے حامل تکیہ اور چادریں بھی زائد کرائے پر فراہم کئے جانے کے معاملات سامنے آئے ہیں۔چھت پر بنے واٹر ٹینکس سے بہنے والے پانی کے روکنے پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے بوگیوں کی چھتوں سے پانی ٹپکنا معمول بن چکا ہے ۔

ٹرینوں میں پرانی شکستہ بوگیوں اور لائٹس کی بندش سے مسافر کوفت کا شکار ہو رہے ہیں اور احتجاج معمول بن چکا ہے ۔ مہنگے کرائے پر سفر کرنے والوں کو تو ریلوے سہولتیں دے رہی جا رہی ہیں مگر کم کرائے پر اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کو ٹرینوں میں کوئی سہولت حاصل نہیں ہے ۔ پاکستان ریلوے کے نیٹ ورک پر چلنے والی مسافر ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے ، ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے پر مسافروں کو شدیدمشکلات و پریشانی کا سامناکرنا پڑا۔

گزشتہ روز ریلوے ملتان ڈویژن سے گزرنے والی ٹرین خیبر میل اپ 6 گھنٹے 38 منٹ، خیبر میل ڈائون ایک گھنٹہ 45 منٹ، گرین لائن اپ 6 گھنٹے 21 منٹ، تیزگام اپ 55 منٹ، تیزگام ڈائون 41 منٹ، علامہ اقبال ایکسپریس اپ 2 گھنٹے 16 منٹ، علامہ اقبا ل ایکسپریس ڈائون 41 منٹ، ہزارہ ایکسپریس اپ 2 گھنٹے 8 منٹ، عوام ایکسپریس اپ 2 گھنٹے 35 منٹ، عوام ایکسپریس ڈائون 43 منٹ، کراچی ایکسپریس اپ اڑھائی گھنٹے ، شالیمار ایکسپریس اپ تین گھنٹے ، شالیمار ایکسپریس ڈائون ڈیڑھ گھنٹے ، پاک بزنس ایکسپریس اپ ساڑھے 4 گھنٹے ، پاکستان ایکسپریس اپ 3 گھنٹے 39 منٹ تاخیر کا شکار رہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں