بجلی کے 2لاکھ میٹر خراب،9ماہ سے ٹھیک نہ ہوسکے

بجلی کے 2لاکھ میٹر خراب،9ماہ سے ٹھیک نہ ہوسکے

ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکو ریجن میں خراب میٹرز9ماہ بعد بھی تبدیل نہ ہوسکے ،تعداد 2لاکھ سے تجاوز کرگئی جن میں ایک لاکھ98ہزار613سنگل فیز میٹرز جبکہ 3723تھری فیزمیٹرز شامل ہیں۔

بھاری ایوریج بلوں وڈیڈیکشن بلوں کے باعث بے قصور صارفین میپکو دفاتر میں اپنی حالت زار بتاتے ہوئے رونے لگ گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ ملتان سرکل میں 22ہزار،ڈیرہ سرکل17ہزار ،وہاڑی سرکل میں 20ہزار، بہاولپورسرکل میں 34ہزار900 ،ساہیوال سرکل میں 24ہزار613، رحیم یار خان سرکل میں 26ہزار،مظفرگڑھ میں 31ہزار،بہاولنگرمیں17ہزار500،خانیوال میں 14ہزار500سے زائدتھری فیز و سنگل فیزمیٹرز تبدیل نہیں ہوسکے ۔

ذرائع کے مطابق سابق سی ای او انجینئر اکرام الحق کے دور میں بجلی کے میٹرو ں سمیت میٹریل کی خریداری میں مبینہ گھپلے ہوئے ،من پسند کمپنی کو ٹینڈردلوائے مگرکرپشن بے نقاب ہونے پرٹینڈرز کینسل کرنا پڑے ۔ذرائع کے مطابق خراب میٹرز اس لئے تبدیل نہیں کئے جا رہے کیونکہ میٹروں پر ڈیفیکٹو کوڈ لگانے کی آڑ میں بے قصور صارفین کو ایوریج بل بھجوانے کا نیا ظالمانہ فارمولہ تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق ایوریج یونٹس چارج کرنے کی آڑ میں صارفین کو انتہاکی حد تک اووربلنگ کی جا رہی ہے ۔

میپکو کے مختلف افسروں نے بتایا کہ ہمارے لئے دفتروں میں بیٹھنا دوبھر ہوچکا ہے ۔ غریب و بے قصور صارفین بھاری ایوریج بلوں کے باعث میپکو دفاتر میں زاروقطار روتے ہیں اورہمارے پاس میٹرز ہی نہیں ہیں۔ میپکو ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سی ای او اللہ یار بھروانہ نے حکمت عملی تیارکرلی ہے امیدہے جلد صورتحال بہترہو جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں