کورونا ٹیسٹ مثبت ،بیرون ملک جانیوالے 7مسافرآف لوڈ

کورونا ٹیسٹ مثبت ،بیرون ملک جانیوالے 7مسافرآف لوڈ

ملتان(نیوز رپورٹر)ملتان انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ریپیڈ کورونا ٹیسٹ کرنے کا عمل جاری ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6 مسافروں میں کورونا کی تصدیق اورایک میں شبہ کے بعد سات مسافروں کو پرواز میں داخل ہونے سے روک کر قرنطینہ کر دیا گیا، ادھر مطلع ابر آلود ہونے کے باعث پروازیں گھنٹوں تاخیر کا بھی شکار ہوئیں جس مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیرون ممالک جانے والے مسافروں کے کورونا ریپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کا عمل جاری ہے ۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف پروازوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے 6 مسافروں میں کورونا کی تصدیق اور ایک میں کورونا کا شبہ کے باعث انہیں پرواز میں سوار ہونے سے روک کر قرنطینہ کر دیا گیا جبکہ دوسری جانب گزشتہ روز شہر اور گردونواح میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث ملتان سے دبئی جدہ شارجہ جانے والی اور ملتان آنے والی مختلف پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث مسافروں کو ائیر پورٹ پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ائیر پورٹ انتظامی افسر اور عملہ کی جانب سے مسافروں کو کسی بھی قسم کی رہنمائی فراہم نہیں کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں