بہتردیکھ بھال سے ٹنل ٹیکنالوجی سے بھرپورپیداوار ممکن
ملتان( وقائع نگار خصوصی )ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکار ٹنل ٹیکنالوجی کے تحت لگائی گئی سبزیوں کی بہتر دیکھ بھال سے بھرپور پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال بروقت کریں اگر ممکن ہو سکے تو بذریعہ ڈرپ اریگیشن کریں۔ سپرے کرنے اور کھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کا منہ بند نہ کریں تاکہ ٹنل کے اندر گیس پیدا ہو کر نقصان نہ پہنچائے ۔ دن کے وقت تقریباً صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ٹنل کے منہ کو دونوں طرف سے کھلا رکھا جائے تاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی پیدا نہ ہو جو کہ بیماریوں کا موجب بنتی ہے اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا لگا دیں تاکہ بے جا نمی کو خارج کیا جائے اور درجہ حرارت مناسب رکھا جاسکے ۔
کوشش کریں کہ ٹنل میں درجہ حرارت 15 سے 30 درجہ سینٹی گریڈ کے درمیان رہے ۔ پلاسٹک ٹنل میں کاشتہ سبزیاں بھی زیادہ سردی اور کورے سے متاثر ہو سکتی ہیں اس لئے کورے والی راتوں میں ٹنل کا منہ اندر سے بند کریں تاکہ اندر کا درجہ حرارت سبزیوں کی نشوونما کے لئے موزوں رہے اور دن میں 10 بجے ٹنل کا منہ کھولیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور شام کو 4 بجے ٹنل کا منہ بند کر دیں تاکہ فصل کورے سے متاثر نہ ہو۔