گیس غائب ،جگہ جگہ مظاہرے ،خواتین کی بددعائیں

گیس غائب ،جگہ جگہ مظاہرے ،خواتین کی بددعائیں

ملتان(خصوصی رپورٹر)موسم سرما میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ، ملتان و گردو نواح میں گیس کی لوڈ شیڈنگ سے خواتین کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

شریف پورہ میں روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ ، واجدہ ، زینب ، سنبل ،ناہید و دیگر نے کہا کہ سوئی گیس بحران نے پردہ دار خواتین کو بھی سڑکوں پر آنے پر مجبور کردیا ہے ، ایل این جی سے گھر نہیں چلاسکتے ، چولہا جلائیں یا پیٹ کے لئے کچھ پکائیں ، لکڑی بھی مہنگی ہوچکی ہے ، کچن چلانا مشکل ہوگیا ،اعلیٰ حکام کچھ تو رحم کریں اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ دریں اثنا یوسی 47 نیو شاہ شمس کالونی وہاڑی روڈ ملتان میں غیر اعلانیہ سوئی گیس لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے باعث اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے ۔

علاقہ مکینوں محمد خالد ،سعید احمد ، محمد تنویر ،محمد عاشق ،محمد جعفر ،محمد شریف ،علی حسن ودیگر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق گیس فراہم نہیں کی جارہی،حکومت کی طرف سے 3 وقت گیس دینے کا وعدہ کیا گیامگرسارا سارا دن گیس نہیں آتی اگر کسی وقت ہوتی بھی ہے تو پریشر انتہائی کم ہونے کی وجہ سے خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا رہتا ہے ۔اہل علاقہ نے سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس پریشر میں کمی کا نوٹس لیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں