مچھلی منڈی کیلئے مختص جگہ پر قبضے کی کوشش ناکام، مسجد کی غیر منظور شدہ دیوار مسمار
ملتان( وقائع نگار خصوصی،کورٹ رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم کے احکامات پر ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے گزشتہ روز قبضہ مافیہ اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی ۔
انفورسمنٹ ٹیم نے قبضہ مافیہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے واٹر ورکس روڈ کے بلمقابل مچھلی منڈی کیلئے ایم ڈی اے کے مختص کردہ رقبہ پر قبضہ کی کوشش نا کام بنادی۔ انفورسمنٹ ٹیم نے پلاٹ میں موجود سامان کو ہٹوا کر قبضہ واگزار کرا لیا۔ واضح رہے کے اس سے قبل بھی اس پلاٹ پر
قبضہ کر نے کی کوشش کی گئی تھی جس پر ایم ڈی اے انتظامیہ نے فوری ایکشن لے کر کوشش ناکام بنا دی تھی اور تعمیر کیا گیا کمرہ سیل کر دیا تھا۔انفورسمنٹ ٹیم نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غوث الاعظم روڈ نزد ارسلان ٹاؤن حاجی جاوید اور جمشید کی دو عدد غیر منظور شدہ دکانیں اور غوث الاعظم روڈ نزد ہنزلہ مسجد ملک خادم کی غیر منظور شدہ چار دیواری مسمار کر دی۔آپریشن کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ محسن رضا نے کی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ آ فاق احمد بھٹی ،انفورسمنٹ سکواڈ اور پولیس نفری ان کے ہمراہ تھی۔
دوسری طرف وکیل بن کر سادہ لوح لوگوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے اور دھمکیاں دینے والی خاتون ارم خالد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ عوام سے وکیل بن کر بھاری رقم بٹورنے اور وکالت کے معزز پیشے کو بدنام کرنے والی خاتون ملزمہ پر تھانہ چہلیک میں مقدمہ کا اندراج کیا گیا ہے ۔ مقامی بینک کے آپریشن منیجر حسن جواد نے پولیس کو درخواست دی تھی جس پر دھوکہ دہی اور فراڈ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ خاتون ملزمہ خود کو سرکاری اداروں اور عدالتوں میں بطور وکیل متعارف کراچکی ہے ۔