کھاد کا بحران سنگین ،گندم کی فصل برباد ہونے لگی
مظفرگڑھ(نامہ نگار)کھاد کا بحران سنگین ہوگیا، 6 لاکھ ایکڑ پر اگائی گئی گندم کی فصل برباد اور پیدوار متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔
سرکاری کھاد پوائنٹس پر بھی سرکاری نرخ سے زیادہ ریٹ پر کھاد فروخت کی جانے لگی،سرکاری نرخ پر کھاد فروخت کرنے والے ڈیلرز بھی ارکان اسمبلی،ضلعی انتظامیہ کے افسروں اور بااثر شخصیات کی پرچیوں پر کھاد فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ،عام کسان گھنٹوں لمبی لائنوں میں ذلیل وخوار ہونے کے باوجود بھی خالی ہاتھ واپس لوٹنے لگے ۔
ضلع مظفرگڑھ میں اس سال 6 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے مگر یوریا کھاد کی شدید قلت نے کسان کو شدید پریشان کرکے رکھ دیا ہے ،ضلع مظفرگڑھ کے کسانوں نے وفاقی و پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کھاد کے شدید بحران کا نوٹس لیکر اس پر قابو پایا جائے اور ملک کو غذائی قلت کے خطرے سے بچایا جائے ۔