شناختی کارڈ کے اندراج کی شرط کو ختم کیا جائے ،سابق صدور

شناختی کارڈ کے اندراج کی شرط کو ختم کیا جائے ،سابق صدور

ملتان (نیوز رپورٹر)ایوان تجارت وصنعت ملتان کے سابق صدور نے منی بجٹ میں ریٹیلرز اور مینوفیکچررز سمیت تمام فروخت کنندگان پر نان رجسٹرڈ خریدار کو مال فروخت کرتے وقت شناختی کارڈ کے اندراج کی شرط کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 اور کہا ہے کہ اس اقدام سے کاروباری برادر ی میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے ۔چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری ملتان کے سابق صدرو میاں تنویر اے شیخ،فرید مغیث شیخ،خواجہ محمد یوسف ، خواجہ جلال الدین رومی،محمد خان سدوزئی اور شیخ فضل الٰہی نے کہا کہ حالیہ منی بجٹ میں ریٹیلرز اور مینوفیکچرر ز سمیت تمام فروخت کنندگان پر ایک مرتبہ پھر نان رجسٹرڈ خریدار کو مال فروخت کرتے وقت شناختی کارڈ کے اندراج کی سخت شرط لاگو کر دی گئی ہے جو کہ کاروباری برادری کیلئے ہراسمنٹ کا سبب بنے گی۔ کاروباری برادری اسکی شدید مذمت کرتی ہے اور اس شرط کو مسترد کرتی ہے ۔ ماضی میں کاروباری برادری کی پر زور اپیل پر حکومت نے

 نان رجسٹرڈ خریدار کو مال فروخت کرنے کی صورت میں شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے پر فروخت کنندگان کی ذمہ داری کو ختم کر دیا تھاجبکہ حالیہ منی بجٹ میں نان رجسٹرڈ خریدار کی شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کی صورت میں تمام تر ذمہ داری فروخت کنندگان پر ڈال دی گئی ہے اور اس صورت میں فروخت کنندگان کو جرمانہ اور قانونی کاروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا جو کہ سراسر نا انصافی ہے کاروباری برادری حکومت سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ منی بجٹ میں فروخت کنندگان پر ڈالی گئی بے جا ذمہ داری کو فوری طور پرختم کیاجائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں