ضلع کونسل کا غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات کیخلاف آ پریشن، 7 دکانیں مسمار

 ضلع کونسل کا غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات کیخلاف آ پریشن، 7 دکانیں مسمار

ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلع کونسل نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ، جس کے دوران 7 غیر قانونی دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر ریگولیشن و چیف آفیسر ضلع کونسل انعم معصوم ضلع کونسل کی زیر نگرانی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں ، گزشتہ روز انہوں نے لینڈ آفیسر امتیاز چٹھہ ، جاوید اقبال اور بلڈنگ انسپکٹر سیف الرحمان سمیت دیگر عملے کے ساتھ بستی گاگرا کچور ، چائنہ چوک ، علی والا ، ناگ شاہ اور کائیاں پور میں آپریشن کیا ، جس کے دوران نقشہ منظوری کے بغیر تعمیر کی گئی 7 دکانوں کو گرا دیا گیا جبکہ سامان قبضہ میں لے لیا ۔

ضلع کونسل ٹیم نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد سائن بورڈ ، کاونٹرز وغیرہ بھی قبضے میں لئے اور بھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے تھانہ مظفرآباد میں استغاثہ جات بھی جمع کروا دئیے ، چیف آفیسر ضلع کونسل انعم معصوم کا کہنا ہے کہ ضلع کونسل کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں