سیوریج لائنیں بند،گندے پانی کے باعث گلیوں سے گزرنا محال

سیوریج لائنیں بند،گندے پانی کے باعث گلیوں سے گزرنا محال

بوریوالا(سٹی رپورٹر )بوریوالا کے کئی علاقوں میں سیوریج لائنیں بند ہونے اور گندے پانی کے باعث گلیوں سے گزرنا محال ہو گیا ،ہر طرف تعفن کی وجہ سے سانس لینا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔

تفصیل کے مطابق بوریوالا شہر کی گنجان ترین آبادی مرضی پورہ اور مدینہ کالونی سمیت ملحقہ گلیوں کی سیوریج لائنیں مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں، سیوریج کا پانی اوور فلو ہو کر گلی محلوں میں کھڑا ہے جس کی وجہ سے خواتین،بچے ،عمر رسیدہ افراد بالخصوص نمازی حضرات کا ان گلیوں سے گذرنا محال ہو چکا ہے ،تعفن اُٹھنے سے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے ، رہائشیوں کے قیمتی مکانوں کو بھی نقصان پہنچنا شروع ہو چکا ہے ، اہالیان علاقہ فیاض ، نعیم انجم ،ملک ریاض، طیب،طاہر ،ماجدو دیگر کے مطابق میونسپل کمیٹی کے آفیسرز و عملہ صفائی کو متعدد بار تحریری درخواستیں دی گئی ہیں مگر میونسپل کمیٹی کے اہلکار وں نے جان بوجھ کر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔اہالیان علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں