رشوت خوری،اے سی میلسی کامران بھی ایف آئی آر میں ملزم نامزد
میلسی (نامہ نگار )میلسی میں اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر ملتان کے انسپکٹر رانا فاروق کے چھاپے بارے مزید انکشافات،ایف آئی آر میں اسسٹنٹ کمشنر میلسی کامران افضل بخاری بھی ملزم نامزد،اسسٹنٹ کمشنر کے سٹینو کو اینٹی کرپشن ٹیم پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے ،مزید کارروائی جاری۔
تفصیل کے مطابق موضع کورائی کبیر والا کے وقاص اعظم نے اپنے پارٹنر ساجد کے ہمراہ گڑھا موڑ کے قریب کمرشل مارکیٹ آئس لینڈ کے نقشے کی قوانین کے مطابق ضلع کونسل وہاڑی سے منظوری کرانا تھی جس کیلئے اے سی میلسی کامران افضل بخاری نے 10 لاکھ روپے رشوت طلب کی ، پہلی قسط 3 لاکھ روپے اٹک پٹرولیم پمپ میلسی پر اے سی کامران افضل بخاری نے 2 جنوری 2023 کو وصول کی،باقی رقم اپنے سٹینو گرافر جاوید اقبال کو جمع کرانے کی ہدایت کی۔وقاص اعظم نے رقم سٹینو کے حوالے کرنے کے بجائے اینٹی کرپشن سے رابط کیا جس پر چھاپہ مار کر سٹینو کو پونے پانچ لاکھ روپے کے نشان زدہ نوٹوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا اور موقع پر موجود نہ ہونے کہ وجہ سے اسسٹنٹ کمشنر بچ گیا۔